منگل, اپریل 1, 2025
اشتہار

ماہرہ خان ریلوے اسٹیشن پہنچ کر رپورٹر چاند نواب بن گئیں، ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان اپنوں کے ساتھ عید منانے کے لیے ریلوے اسٹیشن پہنچ گئیں، وہاں انھوں نے ہوبہو صحافی چاند نواب کی نقل کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر مشہور و معروف رپورٹر چاند نواب بن گئیں، ریلوے اسٹیشن پہنچ انھوں نے کر اپنے شہر عید منانے جانے والوں کا حال بتایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ماہرہ خان نے چاند نواب کے مشہور کلپ "کراچی سے لوگ اندرون ملک اپنوں میں عید منانے کے لیے جارہے ہیں کیمرہ مین کامی یوسف کے ساتھ چاند نواب۔۔۔” کی پرمزاح انداز میں پیروڈی کی۔

چاند نواب کی اس وائرل کلپ اور ان کے کردار کو بالی ووڈ فلم بجرنگی بھائی جان میں بھی استعمال کیا گیا تھا جبکہ اداکار نوازالدین صدیقی نے پاکستانی صحافی کا کردار بڑی خوبی سے نبھایا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستانی صحافی چاند نواب کی ماضی میں وائرل ہونے والی دلچسپ ویڈیو کے چرچے آج بھی زبان زدعام ہیں، وہ اپنے مخصوص انداز سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے اور وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اب بھی زیرِگردش ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں انھوں نے میزبان ندا یاسر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اس منظر کا پس منظر بیان کیا تھا کہ اُس وقت ان کی کیا کیفیت تھی۔

چاند نواب نے بتایا تھا کہ سال 2007 میں عید کی آمد آمد تھی اور میں ایک نجی چینل کیلئے بیپر ریکارڈ کروا رہا تھا، مجھ پر میری خاتون ڈائریکٹر نیوز کی جانب سے شدید دباؤ تھا کہ جلدی بیپر دوں کیونکہ اس وقت کینٹ اسٹیشن سے آخری ٹرین روانہ ہورہی تھی۔

بیپر ریکارڈ کروانے کے بعد مجھے یقین تھا کہ نوکری سے نکال دیا جاؤں گا لیکن اللہ کا کرم ہوا کہ سی او نے مجھے حوصلہ دیا کہ کوئی بات نہیں آپ کام جاری رکھیں، تاہم بعد ازاں وہ ویڈیو یوٹیوب پر اتنی وائرل ہوئی جس کا اندازہ مجھے بھی نہیں تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں