پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست بزنس مین سلیم کریم سے شادی کے بعد مداحوں کے نام پہلا پیغام جاری کر دیا۔
ماہرہ خان نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے شادی کی تقریب کی تصاویر اور آفیشل ویڈیو جاری کی تھی اور اب مداحوں کیلیے خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔
انسٹاگرام اسٹوری پر اداکارہ نے لکھا کہ میں آپ لوگوں کے پیار اور دعاؤں کی مشکور ہوں اور مسلسل اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر رہی ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں آپ لوگوں کے ساتھ خوشی کے مزید لمحات شیئر کروں گی، مداحوں سے درخواست ہے کہ وہ میرے، اذلان (بیٹا) اور سلیم کیلیے دعائیں کریں۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ یہ میری زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا جو آسانی کے ساتھ ہوگیا۔
ماہرہ خان اور سلیم کریم کی پہلی ملاقات کہاں ہوئی اس بارے میں مصدقہ معلومات نہیں تاہم اداکارہ بزنس مین کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو میڈیا سے دور رکھنے میں کامیاب رہیں۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کی اس سے قبل 2007 میں علی عسکری سے پہلی شادی ہوئی تھی جو 2015 میں ختم ہوئی۔ جوڑے کا 13 سالہ بیٹا ہے۔