پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے طاقت کے باوجود فلسطینیوں کیلیے آواز نہ اٹھانے والوں کیلیے پیغام جاری کر دیا۔
ماہرہ خان نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہی کے مناظر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کیے اور ان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اداکارہ اس سے قبل بھی فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کر چکی ہیں۔
دردناک مناظر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے، یہ معصوم عورتوں، بچوں اور مردوں کا قتلِ عام ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’تاریخ ان لوگوں کو یاد رکھے گی جن کے پاس طاقت تھی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، تاریخ ان لوگوں کو بھی یاد رکھے گی جو اس تنازع کو حل کر سکتے تھے، لیکن اب ان کے ہاتھوں پر ہمیشہ خون رہے گا۔‘
ماہرہ خان نے چند روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اسرائیل کا نام لیے بغیر بیان جاری کیا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اداکارہ نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ میں اُن لوگوں کیلیے دعائیں کر رہی ہوں جو متاثرین ہیں، جنہوں نے اپنے بچوں اور پورے خاندان کو کھو دیا، جن کے پاس گھر نہیں اور جو ہر لمحہ تکلیف میں گزار رہے ہیں۔ ’خاص طور پر اُن کیلیے دعاگو ہوں جو ان کی تکلیف سے لاعلم اور غلط معلومات کا شکار ہیں۔ قدرت ہم سب پر مہربان ہو۔‘
Prayers for those suffering.. those who have lost their children, their entire families, those who don’t have homes, those who are in pain every single second.. and especially for those who are ignorant and misinformed about the suffering around them. May the universe be kind to…
— Mahira Khan (@TheMahiraKhan) October 20, 2023
ماہرہ خان کے مذکورہ ٹوئٹ کے جواب میں ایک صارف نے سوال کیا تھا کہ آپ کس کیلیے دعائیں کر رہی ہیں؟ دوسرے نے لکھا کہ آپ اسرائیل لکھنا بھول گئیں۔
اسی طرح ایک ایکس صارف نے لکھا تھا کہ ’ماہرہ نے اپنے مستقبل کے ہالی وڈ معاہدوں کو خطرے میں نہ ڈالتے ہوئے اسرائیل کا نام نہیں لکھا۔ مجبوریاں ہوتی ہیں۔‘
اس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ماہرہ خان نے جواب دیا کہ میں نے اس متعلق واضح طور پر آواز اٹھائی ہے، لہٰذا آپ بیٹھ جائیں اور اپنے وقت کو فلسطین کی دعاؤں کیلیے وقف کریں۔
Uhhh I call it loud and clear. Sit down. 🙏🏼 use your time to pray for Palestine. https://t.co/1YVhNNxCKO
— Mahira Khan (@TheMahiraKhan) October 20, 2023