عالمی شہرت یافتہ معروف اداکارہ ماہرہ خان نے لٹریچر فیسٹیول میں چیزیں پھینکنے کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔
اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ چاہے کاغذ کے جہاز میں رکھ کر پھول ہی کیوں نہ مارو جو غلط ہے وہ غلط ہے، اداکارہ نے گزشتہ روز لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کی تھی جہاں شرکا کی جانب سے ان پر کوئی چیز پھینکی گئی تھی۔
اداکارہ نے لٹریچر فیسٹیول کی وائرل ویڈیو خود شیئر کی اور بتایا کہ کوئٹہ میں ان کا استقبال پتھروں سے نہیں بلکہ گلاب کے پھول سے کیا گیا تھا۔
انہوں نے طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹیج پر موجود مہمان پر کچھ بھی پھینکنا غلط ہے اور کسی کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ اگر وہ پھول پھینک رہا ہے تو ٹھیک کر رہا ہے۔
انہوں نے اسے دوسروں کے لیے غلط مثال قائم کرنے کے مترادف ٹھہرایا اور کہا یہ عمل ناقابل قبول ہے، اس طرح کے واقعات سے نہ صرف اپنے لیے بلکہ پروگرام میں آئے ہوئے دوسرے شرکا کے لیے بھی خوفزدہ ہوجاتے ہیں، اس طرح کے واقعات ان کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے شرکا میں موجود اس نامعلوم شخص کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی باور کروایا کہ صرف اس واقعے کی وجہ سے واپسی پر انہیں کہا گیا کہ اب دوبارہ یہاں (بلوچستان) ہمارا کوئی پروگرام نہیں ہوگا، جس سے میں نے اختلاف کیا کہ اس طرح کے مسائل کا یہ حل نہیں ہے۔
ماہرہ خان کے مطابق اس فیسٹیول میں آئے ہوئے دیگر 10 ہزار شرکا کی کوئی غلطی نہیں تھی، وہ ہم سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے وہاں موجود تھے اور وہ نہیں جانتے تھے کہ کس طرح اپنا پیار و محبت ظاہر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 ہزار میں سے صرف ایک نے غلطی کی ہے، جس کی سزا سب کو نہیں ملنی چاہیے۔