لاہور : مبشرکھوکھرقتل کیس کے مرکزی ملزم ناظم نے اقبال جرم کرلیا، ملزم نے بیان میں کہا کہ مبشر کھوکھر کو قتل کیا ہے، مقتول کو مارنے کی بہت سی وجوہات تھیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی کینٹ کچہری میں مبشرکھوکھرقتل کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس کی جانب سے ملزم ناظم اور عمر حیات کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ مبشرکھوکھرقتل کیس کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہے ، ملزم ناظم نے پولیس کے سامنے اقبال جرم کرلیا ہے، ملزم کے مطابق مبشر کھوکھر کو قتل کیا ہے، مقتول کو مارنے کی بہت سی وجوہات تھیں۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو قصور وار قرار دیتے ہوئے دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی اور کہا ملزمان سے تحقیقات مکمل ہوچکی ،جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، پولیس نے گرفتار ملزمان سے آلہ قتل ،موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے.
جس پر عدالت نے مبشر کھوکھر قتل کیس کے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈپرجیل بھیج دیا۔
خیال رہے فائرنگ کاواقعہ اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں پیش آیا تھا ،ولیمے کی تقریب میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزادر بھی شریک تھے۔