سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نوشکی دھماکے کا اہم ملزم فرید بلوچ کو گرفتار کر لیا اس دہشتگردی کے پیچھے بھی بھارت نکلا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نوشکی دھماکے کا اہم ملزم فرید بلوچ کو گرفتار کر لیا ہے۔ بلوچستان میں ہونے والی اس دہشتگردی کے پیچھے بھی بھارت نکلا۔ گرفتار ملزم فرید نے بھارت سے ہونے والے رابطوں سے متعلق تمام راز اگل دیے۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد فرید بلوچ کا تعلق کالعدم بی ایل اےکے مجید بریگیڈ سے ہے اور اس کو پاک افغان سرحد سے گرفتار کیا ہے۔
ملزم نے تفتیش میں بتایا کہ مذکورہ دہشتگردی کی بھارتی ایجنسی ’’ را ‘‘ اور آر ایس ایس نے کالعدم بی ایل اے کی مدد سے منصوبہ بندی کی۔’’ را ‘‘ کے اہلکار نے افغانستان میں ملاقات کر کے منصوبہ بتایا۔
گرفتار دہشتگرد نے مزید بتایا کہ را کے ایجنٹ نے نوشکی دھماکے کے علاوہ دہشت گردی کیلیے دیگر ٹاسک بھی دیے۔ میرا کام را ایجنٹ سے ہدایت لے کر بی ایل اے کی مقامی قیادت تک پہنچانا ہوتا تھا۔
فرید بلوچ نے یہ بھی بتایا کہ را ایجنٹ سے افغانستان میں ملاقات کرکے ہدایت اور رقم لیتے تھے۔ رقم اور ٹاسک ملنے کے بعد را اور آر ایس ایس والے اسنیپ چیٹ پر رابطے میں رہتے تھے۔
واضح رہے کہ نوشکی سے تافتان جانے والے 8 بسوں کے قافلے پر دہشتگرد حملہ ہوا تھا۔ اس حملے میں 5 اہلکار شہید اور 30 زخمی ہوئے تھے۔