پشاور : جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ریڈیو پاکستان میں آگ لگانے والے مرکزی ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں ریڈیو پاکستان میں آگ لگانے والے مرکزی ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ میں پیش کیا گیا ، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم موسیٰ خان ریڈیو پاکستان میں آگ لگانے والا مرکزی ملزم ہے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ملزم کی شناخت مختلف فوٹیجز سے کی گئی ہے۔
عدالت نے ریڈیو پاکستان میں آگ لگانے والے ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پولیس کے حوالے کردیا۔.
یاد رہے آج ہی پولیس نے ریڈیو پاکستان پشاور میں آگ لگانے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا ، پولیس نے بتایا تھا کہ ملزم کا نام موسیٰ خان ہے اور اس کو علاقہ پکا غلام سے گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں پرتشدد مظاہرے اور ہنگامہ آرائی کی گئی جس میں فوج اور سول قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
ریڈیو پاکستان کی پانچ منزلہ عمارت کو بھی شر پسندوں نے آگ لگا دی اور عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔