کینسر ایک موذی مرض ہے اور کیمو تھراپی کے ذریعے اس کا علاج بھی تکلیف دہ ہے تاہم سعودی اسکالر نے اس کا متبادل اور آسان علاج دریافت کر لیا ہے۔
کینسر جتنا موذی مرض ہے اتنا ہی اذیت ناک اس کا روایتی طریقہ علاج کیمو تھراپی بھی ہے تاہم شعبہ طب میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سعودی اسکالرز نے اس روایتی کیمو تھراپی کا قدرتی متبادل علاج دریافت کر لیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پودوں کے عرق سے دریافت علاج سے اورین کینسر کے مریضوں میں امید افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جازان یونیورسٹی کے معاون پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ الفرسانی اور ان کی ٹیم میں شامل اسکالرز نے اورین کینسر کے علاج کے لیے پودوں کے عرق سے مرض کا علاج دریافت کیا ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر عبداللہ الفرسانی نے بتایا کہ ایلوپیٹورین پودے کا عرق رحم کے کینسر کے ممکنہ علاج میں موثر ہے۔ اس پودے کا عرق روایتی کیمیائی دواوں کے قدرتی متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اورین کینسر خواتین کی موت کا باعث بنننے والے نمایاں ترین امراض میں سے ایک ہے اور اس کا پتہ اس وقت چلتا ہے جب مرض آخری اسٹیج میں ہوتا ہے۔