اسلام آباد : اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہلی باردیارغیرسے بے دخل ہوکر آنے والوں کو ایف آئی اے نے کھانا کھلایا، ڈیپورٹیز کو روزگار کی بحالی کے لیے فلاحی تنظیم قرضے بھی دے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ہدایت پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی تبدیلی آگئی ، پہلی بار دیار غیرسے بے دخل ہوکر آنے والوں کو ایف آئی اے نے کھانا کھلایا۔
پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے40ڈیپورٹیز اسلام آبادایئرپورٹ پہنچے ، ایف آئی اے حکام نےڈیپورٹیزکی دیکھ بھال کی ،جوتے،کپڑےپیش کئےگئے جبکہ ڈیپورٹیزکوروزگار کی بحالی کے لیے فلاحی تنظیم قرضے بھی دے گی۔
یاد رہے وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کرکے مسافروں کودستیاب سہولتوں کاجائزہ لیا، سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی سمیت دیگرافسران اس موقع پرموجودتھے۔
دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ اسلام آبادایئرپورٹ پر کوئی اب تنگ نہیں کرےگا اگر کسی افسر نےاسٹیکر مانگا تو ہمیں آگاہ کیا جائے، اسلام آباد تمام ایئرپورٹ پر بہترین سہولیات ملیں گی، اوورسیز کو یقین دلاتاہوں ایئرپورٹ پر آپ کو بہترین سہولتیں ملیں گی، پاکستان کاامیج بہتر ہو گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزہ جاری کرنا شروع کردئیے ہیں،192 ملکوں کے لئےآن لائن ویزہ جاری کیا گیا ہے، وزیراعظم کافیصلہ ہےکہ آن لائن ویزہ کیلئے کوئی رکاوٹ نہ ہو۔