نیویارک: انٹرنیٹ کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے صارفین کی سہولت کے لیے ‘گوگل میپس’ میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے کہ جس کے تحت مسافر اب باآسانی مقررہ منزل تک پہنچ سکیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے لائیو ویو فیچر میں تبدیلی لائی جارہی ہے جس کے تحت ہم کسی مقام کو ڈھونڈنے کے لیے لائیو ویو کا بٹن دبا کر اس جگہ کو رئیل ٹائم میں دیکھ سکیں گے اور یہ بھی علم ہوگا کہ آپ براہ راست اپنی منزل سے کتنی دور ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر میں معروف مقامات کو شامل کیا جائے گا، جو ممکنہ طور پر ابتدا میں 25 شہروں کو سپورٹ کرے گا، اس کے علاوہ لائیو ویو کا زیادہ کارآمد پہلو ان افراد کے لیے ہوگا جو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔
گوگل اس فیچر میں ایسی خاص سپورٹ کا بھی اضافہ کررہا ہے جس کے تحت اگر آپ ٹرانسپورٹ سے اترتے ہیں تو لائیو ویو یہ بھی بتائے گا کہ آپ کو کس طرف جانا ہے اور کہاں مڑنا ہے۔
لائیوویو میں لوکیشن شیئرنگ کی سہولت بھی دی جائے گی جس سے دوستوں سے ملنے میں آسانی ہوگی، گوگل کی جانب سے لائیو ویو میں پن لوکیشن کو بھی بہتر کیا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ گوگل نے لگ بھگ ایک سال پہلے اپنی مقبول ایپ میپس کے لیے لائیو ویو متعارف کرایا تھا اور اب اس کی مزید بہتری پر کام جاری ہے۔