غیر قانونی ایل پی جی کنٹینرز سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے اور کمشنر ملتان نے ڈویژن بھر میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کمشنر ملتان عامر کریم خان نے ڈویژن بھر میں غیر قانونی ایل پی جی کنٹینرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے اور غیر قانونی باؤزرز کے ملتان ڈویژن میں داخلے پر ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر ملتان نے کہا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں اور انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ناکے لگا کر اوگرا سے غیر رجسٹرڈ ایل پی جی باوزرز کو آف روڈ کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کنٹینر پھٹنے کے کئی واقعات رونما ہوئے تھے اور ان حادثات میں متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
ملتان کے علاقے مظفرگڑھ روڈ پر فہد ٹاؤن میں ایل پی جی باؤزر کو آگ لگنے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ 16 ،15 افراد باؤزر سےا یل پی جی کی ری فلنگ کر رہے تھے کہ اچانک باؤزرمیں آگ لگی تو وہ کسی کواطلاع دیے بغیر فرارہو گئے۔
ملتان : ایل پی جی باؤزر کیسے پھٹا ؟ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی