پیر, اپریل 7, 2025
اشتہار

’’اب وزیر سمیت کسی کیلئے ٹرین لیٹ نہیں ہو گی‘‘ محکمہ ریلوے سے متعلق بڑے فیصلے کر لیے گئے!

اشتہار

حیرت انگیز

محکمہ ریلوے سے متعلق بڑے فیصلے کر لیے گئے ٹرینوں کی آمدورفت اور ریلوے ریسٹ ہاؤسز سے متعلق بھی بڑی پابندی عائد کر دی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو ریلوے اسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جب کہ ڈویژنز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ایلی ویٹر لگانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی ابتدا پنڈی اسٹیشن سے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فریٹ ٹرینوں کی بکنگ آن لائن کر کے اس میں انسانی مداخلت ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ریلوے ریسٹ ہاؤسز میں غیر متعلقہ افراد اور ریٹائرڈ افسران کی رہائش پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے ریلوے کالونیوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی فہرست طلب کر لی۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کمرشل پوٹینشل کی حامل ریلوے زمینوں کا بریک اپ بھی طلب کر لیا اور 3 ماہ میں ٹرینوں کی باقاعدگی 90 سے 95 فیصد لانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اب وزیر سمیت کسی کے لیے ٹرین لیٹ نہیں ہوگی، میں خود ٹرینوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی ایس ریلوےکی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ لیا جائے گا اور کارکردگی کے جائزہ کیلیے وہ اسٹاف کے بغیر دفاتر اور اسٹیشنز کے دورے کریں گے۔

حنیف عباسی نے کہا کیماڑی حیدرآباد سیکشن پر فوری کام شروع کرنے اور ایل ایل ون پر سفری دورانیہ کم کرنےکے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور ایم ایل ون پر انجینئرنگ رکاوٹیں ختم کرنےکے لیے ایک سال کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ رکاوٹیں ختم کرنےسے ٹرینوں کا سفری دورانیہ کم ہوگا۔

انہوں نے ٹریک بحالی پروجیکٹس پر کام تیز کرنے، مال گاڑیوں سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے اور مسافر ٹرینوں کی آن لائن بکنگ کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایات کیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں