واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ جاری تجارتی اور معاشی کشیدگی کے حل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال سے چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی محاذ آرائی کو مزید نہ بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
امریکی صدر نے ہفتے کے روز چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی طویل ٹیلیفونک گفتگو کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ ارجنٹائن میں چینی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں طے پائے امور پر بات چیت کی گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں دونوں ملک تیزی کے ساتھ اپنے تمام مسائل کے حل کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں: چین امریکا تجارتی جنگ، دونوں فریقین نے ملاقات کا عندیہ دے دیا
واضح رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ شدت اختیار کرگئی تھی، دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر نئے ٹیکس لگائے جس کے بعد سے دونوں ممالک کے ہاں مصنوعات کی طلب میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے نئے تجارتی محصولات 90 دنوں کے لیے معطل کرنے پر اتفاق کیا تھا تاکہ دونوں ممالک مذاکرات سے معاملات حل کرسکیں۔
یکم دسمبر کو چین کے سرکاری ٹی وی نے کہا تھا کہ یکم جنوری کے بعد سے کوئی محصول نہیں لگے گا اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری رہے گی۔