جمعرات, مئی 22, 2025
اشتہار

صوبہ پنجاب کے لیے بڑے منصوبوں کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں پنجاب ڈیولپمنٹ پلان لانے کا اعلان کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت 60 شہروں میں پنجاب ڈیولپمنٹ پراجیکٹ اسی سال مکمل اور 800 گاؤں کو بتدریج ماڈل ولیج بنایا جائے گا۔

مریم نواز نے اس اجلاس ارکان کو ہر پراجیکؔٹ پر خود تین گھنٹے طویل بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے ہر ضلع کے بازاروں میں لٹکتے بجلی کے تار زیر زمین کیے جائیں گے۔ ہر ضلع اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم کیے جائیں گے۔

بیوٹیفکیشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں کینالز کو سجایا جائیگا، فوڈ اسٹریٹ بنائی جایں گی جبکہ بازاروں کی ری ماڈلنگ اور انفراسٹرکچر میں بہتری بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگی۔

اجلاس میں ارکان کی مشاورت سے دیہات میں 400 کلومیٹر چھوٹی رابطہ سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کا اعلان کرتے ہوئے اگلے برس سے اس منصوبے کے لیے 250 ارب کے فنڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دینے، سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکم کرنے، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں میٹرو بس سروس جلد شروع کرنے کے اعلانات کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں نادار اور ضرورت مندوں کے لیے راشن کارڈ لانچ کرنے، ہر بڑے شہر میں واسا کے قایم اور ہر ڈویژن میں سینٹر آف ایکسیلنس کڈز کیمپس بنانےکے ساتھ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کرنے کے اعلانات کیے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کو روز بہتر سے بہترین بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تجاوزات کے خاتمے سے بازار کھلے ہوگئے اور عوام بھی خوش ہیں۔ شہروں کے بعد پہلی بار گاؤں کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کریں گے۔ سی ٹی ڈی کو مضبوط بنایا، صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام شہر سیف سٹی ہوں گے۔ صوبے میں موثر اینٹی نارکوٹکس فورس کو متحرک کر دیا گیا ہے اور جانوروں کے تحفظ کی بھی موثر مہم جاری ہے۔ لاہور میں 450 کلومیٹر تک سیوریج لائن ڈالی جا رہی ہے۔ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہو رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں