جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر ثاقب حسین فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

اشتہار

حیرت انگیز

سانگھڑ : بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے میجر ثاقب حسین کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وطن کا ایک اور بہادر بیٹا دھرتی کی حفاظت کے لئے قربان ہوگیا، پاکستان آرمی کے اکتیس سال کے میجر ثاقب حسین نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

شہید کا جسد خاکی جب آبائی علاقے سانگھڑ پہنچا تو شہریوں نے جنازے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاک فوج اور پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے۔

- Advertisement -

شہید کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کی قربانی پر فخر ہے کہ اس نے وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا جبکہ میجر ثاقب کے بھائی نے نم آنکھوں سے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہید کی نماز جنازہ سانگھڑ پولیس لائن گراؤنڈ میں فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں اعلی عسکری قیادت شہید کے عزیزواقارب اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

میجر ثاقب حسین شہید کو سانگھڑ کے حر قبرستان میں قومی پرچم کے سائے تلے سپرد خاک کیا گیا، آخری آرام گاہ پر چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی جبکہ فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آرنر پیش کیا۔

شہید میجر ثاقب باجوہ کے چچا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میجر ثاقب کی شہادت پر ہماری پوری باجوہ فیملی کو فخر ہے، ہمارے دوسرے بچے بھی اس ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں، میرے بیٹے نے بھی حال ہی میں آرمی جوائن کرنے کیلئے اپلائی کیا ہے۔

شہید کے چچا کا کہنا تھا کہ میجر ثاقب بہت نیک اور محب وطن تھا اسکی چند ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

گذشتہ روز آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کامبیٹ پیٹرول پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی جان قربان کر کے بزدل دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں