افغانستان میں امریکی سفارتی نمائندگی کے لیے امریکا کا قطر سے معاہدہ طے پا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انخلا کے بعد افغانستان میں امریکی سفارتی مشن کی بندش سے پیداشدہ سفارتی خلا کو پُر کرنے کے لیے امریکا اور قطر نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دوحا کابل میں سفارتی سطح پر امریکی مفادات کی دیکھ بھال کرے گا۔
اس سلسلے میں امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن اور قطری ہم منصب نے واشنگٹن میں معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
انتھونی بلنکن کا کہنا ہے کہ قطر افغانستان میں امریکی سفارتی نمائندےکے طور پر کام کرےگا قطر کابل میں امریکی شہریوں کی مددکرےگا۔
انہوں نے کہا کہ کابل میں قطری سفارتخانے کے اندر امریکی سفارتی مفادات کا ایک شعبہ قائم کیا جائے گا جس سے واشنگٹن کی سفارتی نمائندگی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ امریکا سمیت بڑی عالمی طاقتوں نے اب تک افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا جس کی وجہ سے کابل کی دیگر ممالک سے سفارتکاری تعطل کا شکار ہے۔