امریکیوں کی اکثریت نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کو ناپسند کیا ہے۔
امریکا میں مقیم پولسٹر گیلپ کے ایک نئے سروے کے مطابق 55 فیصد امریکی غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہیں جبکہ صرف 36 فیصد نے اس کی منظوری دی۔
گیلپ نے نتیجہ اخذ کیا کہ نومبر کے بعد سے یہ ایک بڑی تبدیلی ہے جب نصف امریکیوں نے غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں کی منظوری دی تھی اور اس وقت 45 فیصد نے نامنظور کیا تھا۔
دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امریکی پچھلے چار مہینوں کے دوران اسرائیل کی کارروائیوں پر زیادہ تنقید کر رہے ہیں۔
پولز کے مطابق ڈیموکریٹس کے درمیان اسرائیل کے اقدامات کی منظوری میں 18 فیصد کمی آئی ہے جب کہ ریپبلکنز کی منظوری میں 7 فیصد کمی آئی ہے۔
امریکی رائے عامہ میں یہ تبدیلی اس وقت آئی ہے جب امریکی حکومت اپنے اتحادی اسرائیل کے ساتھ اپنی مایوسی کا کھل کر اظہار کر رہی ہے۔