کراچی: پاکستان کی میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
میک اپ آرٹسٹ اسما حنیف نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مرحوم کوہ پیما علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کررہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسما حنیف میک اپ کے ذریعے خود کو علی سدپارہ کی شکل میں ڈھال رہی ہیں، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جسے مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں علی سدپارہ اپنے بیٹے ساجد سدپارہ سمیت 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کے ساتھ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے 2 سر کرنے کے لیے نکلے تھے، وہ اس چوٹی کو موسم سرما میں سر کرنے کا ریکارڈ بنانا چاہتے تھے۔
محمد علی سدپارہ بھی پاکستان کے لیے اس اعزاز کو حاصل کرنا چاہتے تھے لہٰذا وہ خراب موسم کے باوجود اپنے مشن پر کاربند رہے اور مہم جوئی کو جاری رکھا، بعد ازاں ان کا اور دیگر کوہ پیماؤں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کئی روز تک انہیں تلاش کرتی رہی لیکن ناکام رہی جس کے بعد ان کے بیٹے ساجد سدپارہ نے والد کی موت کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔