پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 7 کا مکمل انعقاد پاکستان میں کرانا ہی ہماری اولین ترجیح ہو گی۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ 20 میچز کی ابوظہبی میں میزبانی ہماری لیگ کے مستحکم ہونے کی واضح علامت ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنے آغاز سے ہی متعدد چینلجز سے نمٹ کر بہتر اور مضبوط بن کر ابھرتی رہی ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کے لیے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی پذیرائی اور ساکھ بڑی اہمیت کی حامل ہےاور انہیں خوشی ہے کہ ہمارے فیصلوں کی بدولت لیگ کا چھٹا ایڈیشن مکمل ہونے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا پاکستان میں مکمل انعقاد ہمیشہ سے ہماری ترجیح رہی ہے تاہم چند غیرمعمولی حالات کے پیش نظر ہمیں اس ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز یہاں سے منتقل کرنے پڑے ہیں، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کا مکمل انعقاد پاکستان میں کرنا ہی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ متحدہ عرب امارت اور پاکستان کی حکومتوں کے تعاون کے مشکور ہیں ، وہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ، ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور تمام فرنچائز مالکان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جو ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔
ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری عزت مآب عارف ال اعوانی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کی میزبانی ابوظہبی اور اس کی اسپورٹس سہولیات کے فروغ میں بہت اہم ثابت ہوگی، پی سی بی اور احسان مانی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے اور خوش آئند ہیں، جس کی بدولت ہمیں حکومت کی طرف سے تمام حل طلب معاملات پرچھوٹ کی منظوری ملی۔
انہوں نے کہا کہ ابوظہبی کرکٹ اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کی طرف سے وہ تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، یقین ہے کہ یہ اپنی کرکٹ اسکلز کی بدولت دنیا بھر میں موجود شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے۔