موسمیاتی تبدیلی کے باعث دنیا میں گرم موسم کا دورانیہ بھی طویل ہوگیا ہے آج سعودی عرب میں مکہ مکرمہ سب سے گرم ترین شہر رہا ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔ اس تبدیلی سے جہاں غیر معمولی بارشیں، سیلاب اور طوفانوں کا سلسلہ بڑھا ہے وہیں گرمیوں کے موسم کا دورانیہ بھی طویل ہوگیا ہے۔ نومبر کا وسط ہے مگر کئی ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آج (جمعرات) مکہ مکرمہ مملکت کا گرم ترین شہر رہا ہے جہاں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق دیگر گرم شہروں میں مدینہ منورہ، جدہ، جازان اور ینبع ہے جہاں 34 ڈگری ہے جبکہ القنفذہ میں 33 سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ملک کے سرد ترین علاقوں میں السودہ ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ طریف میں 9 جب کہ ابہا، عرعر، سکاکا اور القریات میں 10 ڈگری ہے۔
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج جازان، عسیر اور الباحہ میں ہلکی بارش ہوگی جبکہ مکہ مکرمہ کے بالائی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔