سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر داخلے پر سزاؤں کا نفاذ اتوار 2 جون سے شروع ہوجائے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے سبق ویب کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مذکورہ تاریخ کے بعد پر وہ شخص جو اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں پکڑا جائے گا، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مذکورہ تاریخ کے بعد اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخلہ غیر قانونی تصور کیا جائے گا، جس کی سزا 10 ہزار ریال جرمانہ ہے جبکہ غیر ملکی کو ملک سے بیدخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق ’سزاؤں کا نفاذ دو جون سے 20 جون تک ہوگا‘،اجازت نامے کے بغیر عازمین کو مکہ لے جانے والے کو 6 ماہ قید اور50 ہزار ریال جرمانہ ہوگا جبکہ گاڑی بھی ضبط کی جائے گی۔
اگر خلاف ورزی کرنے والا غیر ملکی ہوا تو اسے سزا کی مدت مکمل کرنے کے بعد ملک سے نکال دیا جائے گا۔
دوسری جانب واضح رہے کہ سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حجام کرام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔
سعودی وزارت حج وعمرہ نے سفر حج کے دوران عازمین کو فوڈ پوائزننگ سے محفوظ رکھنے کے لئے مفید مشورہ دیا ہے۔
سعودی وازارت حج وعمرہ کے آفیشل ایکس اکاونٹ پر جاری بیان میں مشورہ دیا گیا کہ ’کھانے کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے سے گریز کریں۔ ’کوئی بھی ایسا کھانا جس کا رنگ یا خوشبو بدل گئی ہو، کھلی اور بغیر دھلی چیزوں کے کھانے سے گریز کریں‘۔
اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے؟
وزارت نے عازمین کو اپنی دواؤں کو مناسب طریقے سے رکھنے، صحت کے مسائل سے بچنے اور مناسک حج آسانی سے کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔