بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد انیل کلدیپ مہتا کی مبینہ خودکشی کے بعد ان کی اپنی دونوں بیٹیوں سے آخری فون کال پر ہونے والی گفتگو سامنے آ گئی۔
گزشتہ روز صبح ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل پر رہائش پزیر ملائکہ اروڑا کے والد انیل کلدیپ مہتا نے مبینہ طور پر چھٹی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔
65 سالہ انیل کلدیپ مہتا کی موت کے بعد سے مسلسل تفصیلات سامنے آرہی ہیں، پولیس کے مطابق اس واقعے کی اصل وجہ کا ابتک پتہ نہیں چلا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق انکے والد نے خودکشی نہیں کی یہ ایک حادثہ تھا، انھیں کوئی بیماری بھی نہیں تھی۔
تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انیل مہتا نے آخری مرتبہ چھلانگ لگانے سے قبل اپنی دونوں بیٹیوں کو فون کال کی تھی، انہوں نے بیٹیوں کو فون کال کر کے واپس بلایا اور کہا کہ میں بیمار ہوں اور بہت تھک گیا ہوں۔
دوسری جانب ملائکہ اروڑا کی والدہ اور اینل کی اہلیہ جوائس پولی کا بیان پولیس نے ریکارڈ کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو میں گھر میں تھیں، بدھ کی صبح 9 بجے کے قریب غیر متوقع طور پر کمرے میں اپنے شوہر کی چپل دیکھی تو انہیں گھر میں ہی ڈھونڈنا شروع کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ جب شوہر گھر میں نہیں ملے تو انہوں نے بالکونی سے باہر دیکھا تو اپارٹمنٹ میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابا ہوتا دکھائی دیا، ایک سیکیورٹی گارڈ مدد کے لیے چیخ رہا تھا تو احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔
واضح رہے کہ جس وقت انیل مہتا کی موت واقع ہوئی اس وقت ملائکہ اڑورا شہر میں نہیں تھیں، بلکہ وہ کام کے سلسلے میں پونے میں تھیں۔