بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ملالہ یوسف زئی کا آج رات پاکستان پہنچنے کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی آج رات والد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گی، ملالہ وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق نوبل انعام یافتہ 20 سالہ ملالہ یوسف زئی آج رات والد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گی، ملالہ یوسف زئی پاکستان میں چار روز قیام کریں گی۔

ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی براستہ دبئی پاکستان پہنچیں گی، ملالہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت ملکی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔

ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997 کو سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہوئیں، ان پر 9 اکتوبر 2012ء کو مینگورہ میں اسکول سے گھر جاتے ہوئے طالبان نے حملہ کردیا تھا، ملالہ کو زخمی حالت میں پہلے پشاور لے جایا گیا بعد میں راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔

15 اکتوبر 2012ء کو حالت میں بہتری آنے کے بعد ملالہ کو علاج کے لیے برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا، 12 جولائی 2013 کو ملالہ نے اپنی سالگرہ کے دن اقوام متحدہ میں خطاب کیا، 2014ء میں صرف 17 برس کی عمر میں ملالہ نے امن کا نوبل ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام سے اسپین میں ایک پارک منسوب کیا گیا تھا، پارک ملالہ کی علم دوستی اور بچیوں کے لیے تعلیمی میدان میں کی گئی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ملالہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو ایسے مشورے نظر انداز کردینے چاہئیں جس میں انہیں بتایا جائے کہ انہیں کیا پہننا ہے، کیسے چلنا ہے اور کیسے بات کرنی ہے۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں