اسلام آباد : ملائیشین آسیان مشاورتی گروپ نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے بلا تاخیر مداخلت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا بھارت کو غیر انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سے روکا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشین آسیان مشاورتی گروپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کامحاسبہ ضروری ہے، اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں دلچسپی لیناچاہئے۔
مشاورتی گروپ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج کے ذریعےمظالم ڈھارہا ہے، ہم پرزورمطالبہ کرتےہیں کشمیر کی آزادی کی تحریک پر مظالم اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مظالم کو روکا جائے۔
گروپ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی مظالم سے کشمیریوں کے وقار ،بنیادی حقوق کو نقصان پہنچ رہاہے اور کشمیر کے محصور خطے میں کشمیریوں کی موجودہ صورتحال سنگین ہے۔
آسیان مشاورتی گروپ نے کہا کہ کشمیریوں پر9لاکھ فوجیوں کےذریعےوحشیانہ بربریت ہورہی ہے، مظالم تمام بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
مشاورتی گروپ نے اقوام متحدہ سے بلا تاخیر مداخلت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ بھارت کی غیر انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی روکے۔