کوالالمپور : ملائیشیا کی مشاورتی کونسل نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کومتحدہ عرب امارات کی طرف سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشاورتی کونسل نے کوالالمپور سے جاری ایک بیان میں نریندر مودی کی طرف سے یو اے ای کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ وصول کرنے پر شدید نفرت کا اظہار کیاہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ متحدہ عرب امارات کیلئے انتہائی شرمناک بات ہے کہ یہ حقیقت جانتے ہوئے بھی کہ بھارت میں اقلیتوں کو بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا یا جارہا ہے نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز ا گیا ہے۔
یو اے ای نے بھارت سے معاشی فائدے کیلئے آنکھیں بند کر لی ہیں جبکہ نریندر مودی کے ہاتھ گجرات اور مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یو اے ای کے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق کی پامالیوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی پر کوئی تشویش لاحق نہیں اور اسے نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی کوئی پروا نہیں ہے۔