اسلام آباد : ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم آج وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انورابراہیم آج اسلام آباد میں مصروف دن گزاریں گے، ملائیشین وزیراعظم کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔
جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اورملائیشین وزیراعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے، جس میں دونوں ممالک کےدرمیان تعاون کے فروغ سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ہونے کا امکان ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انورابراہیم آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔
گذشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
انور ابراہیم کے اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر کامرس جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی شہباز شریف کے ہمراہ استقبال میں شریک تھے۔