اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹایا نہیں گیا بلکہ ان کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی تھی، انہوں نے شاندارانداز میں ملک کی نمائندگی کی۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹایا نہیں گیا بلکہ نے اپنی مدت ملازمت مکمل کرلی تھی۔
اس بات کی وضاحت ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ایک جاری بیان میں کی، ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے دورے کیلئے بھرپور اندازمیں کام کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی کہہ چکے ہیں کہ ملیحہ لودھی نے شاندارانداز میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا تھا۔
اس حوالے سے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا ان کیلیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نئے مستقل مندوب منیراکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے دورے کے موقع پر ملنے والی پذیرائی پر بے حد ممنون ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارت کار رہی ہیں اور انہیں دسمبر2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔