نیو یارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات نے سنگین بحرانوں کو جنم دیا ہے، انسانی حقوق پامالی سے پیدا ہونے والا المیہ کشیدگی کا سبب ہے۔
یہ بات انہوں نے چیتھم ہاؤس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں کبھی تبدیلی نہیں ہوسکتی کیونکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر آج بھی ایجنڈے پر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات نے سنگین بحرانوں کو جنم دیا ہے، انسانی حقوق پامالی سے پیدا ہونے والا المیہ کشیدگی کا سبب ہے، بھارتی اقدام عالمی قوانین اور یو این قرارداد کی سنگین خلاف ورزی ہیں، سلامتی کونسل کا اجلاس بڑھتے عالمی دباؤ کا بھی عکاس ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل اجلاس بلانے میں کامیاب ہوا، اجلاس میں مسئلہ کشمیر تصفیہ طلب ہونے کی حیثیت پھر سے اجاگر ہوگئی، عالمی برادری، یو این کو مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردارادا کرنا چاہیے.
کشمیریوں کی امنگوں پر مسئلہ کشمیر کا حل دنیا کے امن کیلئے ناگزیر ہے، بھارتی ظلم وبربریت اب پوری طرح عالمی برادری پرعیاں ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ میں تقرری و تبادلوں کی منظوری دی تھی جس کے بعد ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارت کار منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارت کار رہی ہیں اور انہیں دسمبر 2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے فروری 2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔