نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ صدرجنرل اسمبلی ماریہ اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا سے ملاقات کی۔
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ ملاقات میں دورہ پاکستان کی تیاریوں کوحتمی شکل دی گئی، ماریہ اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ کسی بھی صدرجنرل اسمبلی کا یہ 8سال کے وقفےکے بعد دورہ پاکستان ہے، دورے کے دوران ماریہ اسپینوزاصدراوروزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ صدرجنرل اسمبلی ماریہ اسپینوزا وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے بھی ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ خواتین ممبران اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔
پاکستانی سفیر کے مطابق ماریہ اسپینوزا کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا، ملاقاتوں میں عالمی اورعلاقائی معاملات پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ہم اجتماعیت کےفروغ سے ہی عالمی مسائل کاحل ڈھونڈ سکتے ہیں‘ ملیحہ لودھی
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ برابری اورجمہوری تقاضوں پراستوارسلامتی کونسل کےحامی ہیں، باہمی تعلقات میں اجتماعیت اورعالمی نقطہ نظر کو شدید خدشات ہیں۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ فعال اورمضبوط اقوام متحدہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیرہے، ہم اجتماعیت کے فروغ سے ہی عالمی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔