بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقاتیں

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں اقوام متحدہ کی توجہ کشمیر میں بھارت کی غاصبانہ کارروائیوں کی جانب دلائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی الزام تراشیوں اور دھمکیوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گتریس اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقات ہوئی۔

ملیحہ لودھی نے بتایا کہ ملاقاتوں میں وہی پیغام دیا جو وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر مظالم کی انتہا کر چکا ہے، کشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف جوابی ردعمل دے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی جارہی ہیں۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ قابض افواج کی بربریت کے جواب میں رد عمل کا سلسلہ بھی جاری ہے، 14 فروری کے پلوامہ واقعے کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال لے تناظر میں دیکھا جائے۔

ملیحہ لودھی کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھارتی دھمکیوں، خطے کی صورتحال اور پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن حل تلاش کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کے لیے بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، بھارت خطرات پیدا کرنے پر تلا ہے۔ بھارت نے اور خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کی تو پاکستان جواب کے لیے تیار ہے۔

ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پرتشدد صورتحال کا خاتمہ پرامن طریقے سے حل تلاش کرنے میں ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔ بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کو مزید غیر مستحکم کر رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں