نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے لئے ایک اور اعزاز، پاکستانی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو چائلڈرائٹس کنونشن کی تیاریوں کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں،ملیحہ لودھی بلغاریہ کے سفیر کے ساتھ مل کر اجلاس کے انعقاد کے لئے انتظامات کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ چائلڈرائٹس کنونشن کے 30 سال مکمل ہونے پر پاکستانی مندوب منعقد ہونے والے اجلاس کو آرگنائز کریں گی، ستمبر میں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر چائلڈ رائٹس کنونشن کا انعقاد کیا جائےگا۔
ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق ملیحہ لودھی بلغاریہ کے سفیر اور رکن ممالک سے صلاح مشورہ کرکے انتظامات کریں گی، چائلڈ رائٹس کنونشن میں بچوں کے معاشرتی، معاشی ، سماجی، سیاسی اور ثقافتی حقوق کو اجاگرکیا جائےگا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم کی ملیحہ لودھی کو علاقائی اور عالمی امن میں پاکستان کاکردار اجاگر کرنے کی ہدایت
یاد رہے 25 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی امن میں پاکستان کاکردار اجاگر کرنے کی ہدایت کی تھی ۔
ملاقات کے دوران عالمی سطح پر امن مشن میں پاکستان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔
خیال رہے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے بچوں کے حقوق سے متعلق مباحثے سے خطاب میں جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی حالت زار پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کے تحفظ کواولین ترجیح دی جائے، فلسطین، کشمیرمیں بچے بیرونی تسلط کے زیرسایہ زندگی گزاررہے ہیں، فلسطین، مقبوضہ کشمیرمیں بچوں کوپرتشدد صورت حال کا سامنا ہے۔