نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ ثقافتوں کے تبادلے سے باہمی احترام اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا جشن آزادی کانسرٹ منعقد کیا گیا۔ ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ محمد اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
کانسرٹ میں مختلف ملکوں کے مہمانوں کی بڑی تعداد میوزیکل بینڈ سچل جیز کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کانسرٹ سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیرڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ثقافتوں کے تبادلے سے باہمی احترام اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب سیکریٹری جنرل کی بیرون ملک مصروفیات کے سبب ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ محمد اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ ہم سفارتکاری سے متعلق پاکستان کے عزم کا جشن منا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ محمد نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے امورمیں پاکستان کےغیرمعمولی اقدام کو تسلیم کرتے ہیں۔