نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ بھارتی غیرقانونی اقدامات خطے کو خطرات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیرمیں اقوام متحدہ کوبیانات سے آگے جانا ہوگا، بھارتی اقدامات سے کشمیرمیں بڑے بحران کا خطرہ جنم لے رہا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشمیرکا المیہ 5 اگست کے بعد مزید شدت اختیارکرگیا ہے، بھارتی غیرقانونی اقدامات خطے کو خطرات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی میڈیا، انسانی حقوق تنظیمیں بھارتی مظالم منظرعام پرلا رہے ہیں۔
جب بھی کرفیو اٹھا بھارت کو یہی آوازآئے گی کہ وہ کشمیرسے نکل جائے، ملیحہ لودھی
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ جب بھی کرفیو اٹھا بھارت کو یہی آوازآئے گی کہ وہ کشمیرسے نکل جائے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کشمیرسے متعلق اپنی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنائے۔
پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں حالات سنگین انسانی المیے کو جنم دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کیا جا سکتا۔