نیویارک: ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی تمام کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے، انسداد دہشت گردی کے بین الاقوامی فورمز کوغیرجانبدار ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی لیگل کمیٹی میں مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو سیاسی مفادات کی نظر نہیں کرنا چاہیے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے بین الاقوامی فورمزکوغیرجانبدار ہونا چاہیے، پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی تمام کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی آڑمیں حق خودارادیت، آزادی کی تحاریک کو نہیں روکنا چاہیئے، عالمی برادری کو دہشت گردی کی بنیادی وجوہات پربھی توجہ دینی چاہیئے۔
یاد رہے کہ رواں سال 10 جولائی کو سلامتی کونسل سے خطاب میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے محدود وسائل میں انسداد منشیات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ جرائم دہشت گرد گروپوں کی معاونت کا اہم ذریعہ ہے، عالمی برادری کو خطرات سے نمٹنے کے لیے منظم منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ باہمی تعاون اور معلومات کے تبادلے سے منظم جرائم اور دہشت گردی روکی جاسکتی ہے۔