نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے یو این او میں اپنے خطاب میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کااٹوٹ انگ تھانہ ہوگا ہم جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔
پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے نو آبادیاتی مسائل پر اقوام متحدہ کی کمیٹی سے خطاب میں کہا کہ ڈھائی ماہ کے دوران سو سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا، پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری بینائی سے محروم اور زخمی ہوئے ہیں۔
ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں دوٹوک موقف اختیار کیا کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کااٹوٹ انگ تھانہ ہوگا، جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہی حل ہوسکتا ہے۔
پاکستان کی مستقل مندوب نے عالمی برادری کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہونا ادارے کی مسلسل ناکامی ہے، حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، اکیسویں صدی میں بیرونی قبضہ قابل افسوس ہے۔
انھوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے جامع اقدامات کرے، عالمی برادری بھی بھارتی بربریت کا نوٹس لے اور انہیں رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیراور فلسطین دونوں نامکمل ایجنڈے ہیں، کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کی حق خوارادیت کے لیے جدوجہد کی ہم سب کو حمایت کرنی ہوگی۔
مزید پڑھیں : بھارت کی فوجی کاروائیوں سے امن کوخطرہ ہے، ملیحہ لودھی
اس سے قبل بھی پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا، انکا کہنا تھا کہ بھارت کی فوجی کارروائیوں سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کی نئی لہراٹھی، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے۔