نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ میں عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک بار پھر مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک بار پھر پرزور مطالبہ کردیا ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری خطےمیں امن کے لیے کئی دہائی پرانا مسئلہ کشمیرحل کرائے، کشمیریوں کی حالت زار پر عالمی ضمیر جاگ جانا چاہیے،کئی دہائیوں بعد بھی کشمیر اور فلسطین حق خودارادیت سے محروم ہیں۔
پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین دنیا کے سامنے ناانصافی کی بدترین مثالیں ہیں، کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہیں،وسیع اقتصادی اورسماجی محرومی کی موجودگی میں امن کاحصول ممکن نہیں، مسائل کےحل کےلیے تعمیری مذاکرات کی طرف بڑھنا ہوگا۔
مزید پڑھیں : مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، ملیحہ لودھی
اس سے قبل ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہونا ممکن نہیں، اس لیے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں حق خو د ارادیت دیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کی صورت حال پر ہنگامی ایکشن لے اور بھارت کو انسانیت سوز مظالم کرنے سے باز رکھے اور پلیٹ گنز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔