ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ ملیکا شراوت نے نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’دی رائلز‘ میں کردار کی پیشکش ٹھکرانے کی اصل وجہ بتا دی۔
انڈین میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ملیکا شراوت نے انکشاف کیا کہ انہیں ابتدائی طور پر ’دی رائلز‘ میں ایشان کھٹر کی والدہ کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔
ملیکا شراوت کے مطابق ویب سیریز بنانے والوں نے کردار کے بارے میں جو کچھ بتایا تھا وہ اسکرپٹ میں لکھے گئے کردار سے کافی مختلف تھا۔ یاد رہے کہ بعد میں یہ کردار ساکشی تنور کو دیا گیا۔
بالی وڈ اداکارہ کہتی ہیں کہ کردار کا ترجمہ بہت عجیب لگا اور جب اسکرپٹ سامنے آیا تو محسوس ہوا کہ میرے ساتھ دھوکا ہوا ہے، اسی وجہ سے میں اس کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھی۔
اسی انٹرویو میں ملیکا شراوت نے عمر کی بنا پر تعصّب کے بارے میں بھی بات کی اور واضح کیا کہ انہوں نے کبھی پلاسٹک سرجری نہیں کروائی۔
معروف اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ تمام نئے چہرے جو اسٹارڈم کے اپنے نام نہاد دعوے میں جکڑے ہوئے ہیں میں ان سے 20 سال بعد ملوں گی تب بھی میں بالکل اسی طرح نظر آؤں گی۔
اپنے اگلے پروجیکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ملیکا شراوت نے بتایا کہ وہ اس وقت طرح طرح کے اسکرپٹ پڑھ رہی ہیں، وہ اپنے سرپرست نامور فلمساز مہیش بھٹ کے ساتھ بھی دوبارہ کام کرنا چاہتی ہیں جن سے ان کی ملاقات حال ہی میں ممبئی میں ہوئی تھی۔
ملیکا شراوت کو حال ہی میں فلم ’وکی اور ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ میں معاون کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ راج شانڈیلیا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس رومانوی کامیڈی فلم میں راج کمار راؤ اور ترپتی ڈمری نے مرکزی کردار ادا کیا لیکن یہ فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی۔