اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کی تیاریاں شروع کردیں، ملک بھر کی ہائی کورٹس کو پولنگ افسران کی تعیناتی کیلئے درخواست کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد اب صدراتی انتخاب کے مرحلے کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں تمام ہائی کورٹس کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ آفیسرز کی تعیناتی کی درخواست کردی گئی ہے۔
صدر پاکستان ممنون حسین کے بعد ملک کا اگلا صدر کون ہوگا؟ اس کیلئے الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کی تیاریاں شروع کردیں، الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹس سے پولنگ آفیسرز کی تعیناتی کی درخواست کردی ہے۔
،انتخابی شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت نو ستمبر کو ختم ہورہی ہے
صدرممنون حسین اطمینان سے اپنی معیاد مکمل کرکے گھرجائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدراتی انتخاب اگست کےآخری یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے،ممنون حسین اپنے پورے دور صدارت میں کسی تنازع میں نہیں پھنسے، البتہ پانامہ پیپرز کے حوالے سے ان کی تقریر کو بہت شہرت ملی۔
علاوہ ازیں نواز لیگ حکومت میں گزشتہ سال پیش کیے جانے والے بجٹ میں صدر ممنون حسین کی تنخواہ میں چھ لاکھ روپے اضافہ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ دولہ لاکھ روپے ہوگئی تھی۔
اس وقت کے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے پیش کیے گئے بجٹ میں وزیراعظم کے دفتر کا بجٹ 91کروڑ67 لاکھ روپے سالانہ کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: صدر ممنون حسین کی تنخواہ میں 6 لاکھ روپے کا اضافہ
یاد رہے کہ پاکستان میں پاناما پیپرز کے انکشافات کے بعد صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس بدعنوان لوگوں پر قدرت کا شکنجہ ہے، گزشتہ سال ممنون حسین نے کوٹری کے صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاناما اسکینڈل قدرتی آفت ہے، اس کی پکڑ میں بہت سے لوگ آئیں گے۔