کراچی: اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگا کر کلفٹن میں گاڑی چلانے والا نوجوان دھر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں پولیس کو بے وقوف بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے اسے گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگانے پر پکڑ لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر جعلی نیم پلیٹ اور جھنڈے چند روپوں میں بکنے لگے ہیں۔
پولیس نے عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب کالے شیشوں والی کار کو روکنے کا اشارہ کیا تو کار چلانے والے نوجوان نے شیشہ اتار کر پولیس کو غصہ دکھایا اور گاڑی دوڑا دی۔
تاہم بن قاسم پارک کے قریب پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا بھی لگا ہوا تھا۔
نوجوان نے پکڑے جانے پر کہا کہ نہ میں وکیل ہوں نہ میرا تعلق عدالت سے ہے، جعلی نیم پلیٹ اس لیے لگائی کہ اس نیم پلیٹ کو دیکھ کر پولیس نہیں روکتی۔
یہ بھی پڑھیں: فینسی نمبر پلیٹ : رکن اسمبلی اور سابق آئی جی سندھ کی گاڑیاں روک لی گئیں
نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے پلازہ سے 1200 روپے میں یہ نیم پلیٹ خریدی۔ بعد ازاں پولیس نے نوجوان کی گاڑی کی نیم پلیٹ، کالے شیشے اور جھنڈا اتار لیا۔
یاد رہے کہ فروری میں کلفٹن کے علاقے سے منسٹر کے نام والی ایک لینڈ کروزر پکڑی گئی تھی، جب کہ ایک رکن سندھ اسمبلی کو بھی گاڑی پر ہاتھ سے لکھی سرکاری نمبر پلیٹ، اور سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو فینسی نمبر پلیٹ پر روکا گیا تھا۔