لاہور: پنجاب شہر لاہور میں پولیس نے 7 سال کی بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم نعیم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پولیس نے 7 سال کی بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم نعیم کو گرفتار کرلیا، بچی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ میں والد امجد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
لاہور پولیس نے بچی کو سگیاں کے علاقے سے ایک ویران حویلی سے برآمد کیا تھا، بچی کا میڈیکل کرانے پر رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوئی تھی۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچی کو گھر کے قریب سے پیسوں کا لالچ دے کر اغوا کیا تھا، ملزم نے بچی کو حبس بے جا میں رکھ کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بچی معجزانہ طور پر 6 دن تک بغیر کھائے پیئے شدید سردی میں زندہ رہی۔
مزید پڑھیں: لاہور، 6 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور شواہد کی بنیاد پر ملزم نعیم کو گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے تھانہ گرین ٹاؤن کی حدود میں 6 سالہ معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ بچی کا والد محنت مزدوری جبکہ والدہ گھروں میں کام کرتی ہیں، بچی کے گھر میں اکیلی ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا تھا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کا کہنا تھا کہ 16 سالہ ملزم سلمان متاثرہ بچی کا قریبی رشتے دار ہے اور اسی کے گھر میں ہی رہتا تھا۔