صنعا: یمن سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے انڈوں کا توازن برقرار رکھتے ہوئے مینار بنایا اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
عالمی ریکارڈ کا اندراج کرنے والے ادارے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے نوجوان کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی اور بتایا کہ یمن سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد ابیل حمید نے مہارت کے ساتھ انڈوں کا مینار بنایا۔
نوجوان نے ایک کے اوپر ایک انڈہ ایسے رکھا کہ دونوں نہیں گرے اور پھر ایبل نے اُس پر تیسرا انڈا بھی رکھا۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ 6 سال کی عمر سے اس کام کی مشق کررہا ہے، کئی بار ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر پھر ایک دن اُسے کامیابی ملی۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے شیئرکردہ ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ دیکھیں کس طرح نوجوان نے انوکھا کارنامہ انجام دیا۔
’محمد ایبل نے طویل جدوجہد اور کوشش کے بعد یہ کارنامہ انجام دیا‘۔
ویڈیو شیئر ہونے کے بعد صارفین نے نوجوان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔