کراچی: جائیداد کے لالچ میں اندھے ہو کر بھائی نے اپنی ہی بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ کروا دی، جس کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں بہن بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع، جس کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے، پُر تشدد صورت اختیار کر گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھائی نے اپنے ڈرائیور کے ذریعے بہن کے گھر میں توڑ پھوڑ کرائی، متاثرہ خاتون خدیجہ نے میڈیا کے سامنے فریاد کی ہے کہ گھر سے بھی مجھے ہی نکالا گیا ہے، اور پولیس نے بھی میرے ہی بیٹے کو لاک اپ کر دیا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بہن بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے، جس کا فیصلہ ابھی ہونا ہے، لیکن ابھی یہ واقعہ پیش آیا ہے، اور میں صبح سے بہادر آباد پولیس اسٹیشن کے باہر موجود ہوں لیکن پولیس کے آگے میری شنوائی نہیں ہو رہی۔
خاتون خدیجہ کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بھائی، بہن بیرون ملک میں مقیم ہیں تاہم وہ اپنے ملازمین کے ذریعے گھر پر قبضہ کرانا چاہتے ہیں۔
متاثرہ خاتون نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ پولیس بھی ان لوگوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔