بھارت کے شہر حیدرآباد میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں چکن بریانی 39 سالہ شخص کی موت کا سبب بن گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انارم گاؤں سے تعلق رکھنے والا سریکانت حیدرآباد میں مقیم اپنی بہن سے ملنے اس کے سسرال پہنچا اور پھر مے خوری کیلیے شراب خانے چلا گیا۔
سریکانت نے مے خوری کے بعد چکن بریانی کی دکان کا رُخ کیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔
دراصل چکن بریانی سے لطف اندوز ہوتے وقت سریکانت کی سانس کی نالی میں چکن کا ٹکڑا اس طرح پھنس گیا کہ جسے وہ نگل نہ سکا اور اسے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
وہ انتہائی تکلیف میں دکان سے نکل کر اِدھر اُدھر دوڑتا رہا لیکن چکن کا ٹکڑا نہ نگل سکا۔ چند لمحوں بعد وہ بیچ سڑک پر گر گیا جس کے بعد لوگوں نے پولیس اطلاع دی۔
اسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی سریکانت کی موت واقع ہو چکی تھی۔ جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے سریکانت کو مردہ قرار دیا۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلیے سریکانت کی لاش کو اسپتال منتقل کیا اور واقعے کا مقدمہ درج کر کے سریکانت کے اہل خانہ کو اطلاع دی۔