کراچی: صدر کے علاقے ایمپریس مارکیٹ میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران پر تشدد احتجاج میں پھل فروش جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایمپریس مارکیٹ میں انسداد تجاوزات کی ٹیم آپریشن کرنے پہنچی تو قبضہ مافیا نے اس پر دھاوا بول دیا اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ٹیم پر شدید پتھراؤ کیا۔
مشتعل مظاہرین کے پتھراؤ سے خاتون اسسٹنٹ کمشنر زخمی ہوگئیں، پھل فروش کی ہلاکت کے خلاف مظاہرین نے پریڈی تھانے کا گھیراؤ کرلیا اور لاش رکھ کر سڑک بلاک کردی۔
ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے پتھارے داروں کے احتجاج کے دوران مصروف سڑک پر پھل بکھر گئے، مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں کے شیشے توڑے اور دکانیں بند کرائی گئیں۔
حالات پر قابو پانے اور سڑک کھلوانے کے لیے پولیس اور رینجرز حکام نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے، کام یاب مذکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔
کراچی: صدر سے گرفتار ملزمان کا پڑوسی ملک کی ایجنسی سے تعلق کا انکشاف
مظاہرین کے مطالبے پر پھل فروش کی ہلاکت کا مقدمہ پولیس نے پریڈی تھانے میں درج کرلیا، مقدمے کے اندراج کے بعد مظاہرین نے ٹریفک کے لیے راستہ کھول دیا اور ٹریفک بحال ہوگئی۔
خیال رہے کہ کراچی کے سب سے مصروف ترین مقام صدر ٹاؤن میں واقع ایمپریس مارکیٹ میں ہزاروں غیرقانونی پتھارے پھیلے ہوئے ہیں جن کے خاتمے کے لیے وقتاً فوقتاً کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ان کے مستقل خاتمے کے لیے کبھی کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔