بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع چھترپتی سمبھاج نگر میں آوارہ کتوں کے حملے سے بچنے کیلیے نوجوان نے پانی سے بھرے کنویں میں کود کر جان بچا لی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ سالہ 30 سندیپ نے پانی سے بھرے کنویں میں چھلانگ لگائی اور حیران کن طور پر 3 دن تک رسی کو مضبوطی سے پکڑ کر زندہ رہنے میں کامیاب رہا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ منگل شام 4 بجے کے قریب سندیپ آوارہ کتوں کے حملے سے خود کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے 60 فٹ گہرے کنویں میں گرا جس میں 10 فٹ تک پانی بھرا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دادی نے 10 سالہ پوتی کو کنویں میں پھینک دیا
اُس وقت کسی نے سندیپ کو کنویں میں چھلانگ لگاتے ہوئے نہیں دیکھا اور کسی نے اس کی آواز بھی نہیں سنی جس کی وجہ سے اسے تین دنوں تک اندر ہی رہنا پڑا۔
جمعرات کی دوپہر 2 بجے کے قریب آس پاس کے کچھ بچے شہد کے چھتے کی تلاش میں کنویں تک پہنچے۔ بچوں کی آمد کا علم ہونے پر سندیپ نے انہیں مدد کیلیے پکارا تو بچوں نے لوگوں کو کنویں میں کسی کے موجود ہونے کے بارے میں بتایا۔
مقامی لوگوں نے نوجوان کو ٹائر کی مدد سے باہر نکالا اور طبی معائنے کیلیے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس حکام نے سندیپ کو کھانا پینا فراہم کیا اور اسے اپنے آبائی علاقے جالنا واپس جانے کی اجازت دی۔