بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر اناؤ میں شوہر کی 22 دنوں سے لاپتا بیوی سے اسپتال کے وارڈ میں دلچسپ انداز میں غیر متوقع ملاقات ہوگئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 50 سالہ راکیش کمار اسپتال میں موتیا کے آپریشن کے بعد اس وقت چونک گئے جب انہوں نے اچانک لاپتا اہلیہ سے ملتی جلتی آواز سنی۔
راکیش کمار نے جب وارڈ میں بستر سے اٹھ کر دیکھا تو یہ ان کی 22 دنوں سے لاپتا اہلیہ شانتی دیوی تھیں۔ جذبات پر قابو رکھتے ہوئے انہوں نے اہلیہ سے بات چیت کرنے کی کوشش کی لیکن بہت جلد انہیں یہ احساس ہوگیا کہ وہ سر میں گہری چوٹ لگنے کی وجہ سے یادداشت کھو بیٹھی ہیں۔
پیشے کے لحاظ سے ویلڈر راکیش کمار 13 جنوری 2025 کو لاپتا ہونے والی شانتی دیوی کی تلاش میں تھے، انہوں نے کانپور، لکھنؤ اور قنوج سمیت مختلف شہروں کا دورہ کیا لیکن اہلیہ کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔
16 جنوری 2025 کو انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر پولیس میں شکایت درج کروائی تھی، گھر میں اکیلے ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنے دوستوں کے ہمراہ رہائش اختیار کی۔ دوست راجول شکلا نے ان کی بگڑتی ہوئی حالت اور بینائی کیلیے علاج کروانے کا مشورہ دیا تھا۔
اس کے بعد راکیش کمار نے اناؤ ڈسٹرکٹ اسپتال کے ڈاکٹروں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے موتیا کی تشخیص کی اور سرجری کروانے کا مشورہ دیا۔
آپریشن کے بعد جیسے ہی راکیش کمار کو پٹیاں کھول کر وارڈ منتقل کیا گیا تو انہوں نے شانتی دیوی کو بستر پر لیٹا ہوا دیکھا اور جذبات سے مغلوب ہوگئے۔
ضلع اسپتال کے ڈاکٹر کوشلندر پرتاپ نے بتایا کہ شانتی دیوی کو سر میں گہری چوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے وہ بات چیت یا کچھ سمجھنے سے قاصر ہیں۔
بعدازاں، علاج اور شوہر کے تعاون سے ان کی حالت میں بہتری آئی اور انہوں نے راکیش کمار کو پہچان لیا۔