امریکا میں ایک شخص نے خلائی مخلوق کو دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہوا میں گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کینٹکی میں ایک ہوٹل میں مقیم شخص نے اچانک کھڑکی سے باہر فائرنگ کردی، یہ واقعہ 11 ستمبر کی دوپہر کو پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ اسے ہوٹل کی پارکنگ میں خلائی مخلوق دکھائی دی اور اس نے انہی پر فائرنگ کی۔
فائرنگ سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گولی برابر کے کمرے میں بھی جا گھسی۔ خؤش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
مذکورہ شخص کے ساتھ ہوٹل میں ایک خاتون بھی تھیں جو فائرنگ ہوتی دیکھ کر باتھ روم میں چھپ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ان سے کئی بار رابطہ کیا اور بتایا کہ ہوٹل میں خلائی مخلوق گھس آئے ہیں اور وہ ان پر فائرنگ کر رہا ہے۔
پولیس نے مذکورہ شخص نے پاس سے مزید اسلحہ بھی برآمد کیا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔