بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کیلاش خواتین کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

چترال: لیڈی پولیس نے تیز ترین کارروائی کرتے ہوئے کیلاش خواتین کو ویڈیو کے ذریعے ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں خواتین کو ہراساں کرنے والے سیاح کو شناخت کیے جانے کے بعد آج پشاور سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈی پی او چترال منصور امان کا کہنا ہے کہ چترال کے علاقے بمبو ریت میں کیلاش خواتین کو ہراساں کرنے والے سیاح کا نام ایمل خان ہے جسے ڈی پی او کی ہدایت پر لیڈی پولیس نے پشاور جاکر گرفتار کیا۔

ڈی پی او چترال منصور امان نے کہا کہ لیڈی پولیس کے ذریعے گرفتاری کا مقصد ملزم کو یہ احساس دلانا تھا کہ چترال کی خواتین کم زور نہیں ہیں اور انھیں ہراساں نہیں کیا جاسکتا۔

ڈی پی او چترال نے خواتین کو ہراساں کرنے جیسے اہم سماجی موضوع کو سوشل میڈیا پر اُجاگر کرنے پر ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ بمبوریت میں ایک سیاح نے ویڈیو بنانے کے لیے کیلاش خواتین کا پیچھا کرکے ہراساں کیا تھا جس کی ویڈیو وائرل ہونے پر قانون حرکت میں آگیا تھا۔

ویڈیو کے ذریعے ملزم کی شناخت کرلی گئی تھی تاہم اس کی شناخت خفیہ رکھی گئی، پولیس اہل کاروں نے پشاور جاکر ملزم کے گھر پر چھاپا مار کر اسے حراست میں لیا۔

چترال میں خواتین کو ہراساں کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی


ملزم ایمل خان سیاحت کے دوران کیلاش خواتین سے تصاویر بنانے کے لیے کہہ رہا تھا لیکن خواتین کے انکار کے باوجود وہ ان کا پیچھا کرتا رہا اور وہ مسلسل اپنا چہرہ چھپاتی رہیں۔

چترال میں اس ناخوش گوار واقعے کے بعد ڈی پی او کی جانب سے مقامی شہریوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ایسے ناخوش گوار واقعے کی خبر فوری طور پر پولیس کو دیں، اس سلسلے میں ایک مددگار سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں