جاپان میں بیٹے کی جانب سے آخری رسومات کے اخراجات سے بچنے کیلیے والد کی لاش کو دو سال تک الماری میں چھپا کر رکھنے کا انکشاف ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کے مالک 56 سالہ نوبوہیکو نے والد کی لاش کو دو سال تک الماری میں چھپا رکھا کیونکہ وہ آخری رسومات کے اخراجات برداشت کرنے کو تیار نہیں تھے۔
نوبوہیکو کے 86 سالہ والد کا انتقال جنوری 2023 میں ہوا تھا۔
نوبوہیکو نے ٹوکیو میں قائم اپنا چینی ریسٹورنٹ کئی ہفتوں تک بند رکھا جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
جب پولیس کی نفری نوبوہیکو کے گھر پہنچی تو انہوں نے تلاشی کے دوران الماری سے ایک انسانی ڈھانچہ برآمد کیا جس کے بارے میں بعد معلوم ہوا کہ یہ ملزم کے والد کا ہے۔
ملزم نے اپنی مالی جدوجہد کی وضاحت کرتے ہوئے لاش چھپانے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ آخری رسومات کے اخراجات بہت زیادہ تھے۔
پولیس حکام کے مطابق نوبوہیکو کو گرفتار کر لیا، ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
جاپان میں شہری کی آخری رسومات کی اوسط لاگت 1.3 ملین ین ہے جو کورونا وبا کے دوران 1 لاکھ 56 ہزار ین تھی۔
اسی طرح کے واقعات جاپان میں پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ 2023 میں 56 سالہ بیروزگار شخص نے آخری رسومات کے اخراجات سے بچنے کیلیے 72 سالہ والدہ کی لاش کو تین سال تک گھر میں چھپا کر رکھا تھا۔