امریکا میں زہریلی مکڑی کے ساتھ کمسن بچی کو کھیلتا دیکھ کر والد خوفزدہ ہوگئے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکا میں ایک شخص اس وقت خوفزدہ ہوگیا جب اس نے اپنی 18 ماہ کی بیٹی کو زہریلی مکڑی کے ساتھ کھیلتا پایا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر خوار بچی مکڑی کے ساتھ کھیلنے میں مصروف ہے۔
ریاست ایریزونا کے ٹکسن سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ ڈیوڈ لیہمن اپنے اہلخانہ کے ساتھ پول کے کنارے آرام کررہے تھے جب انہوں نے اپنی بیٹی کو ایک کافی ٹن میں موجود مکڑی کے ساتھ کھیلتے دیکھا اور خوفناک لمحے کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرلیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلیک نامی چھوٹی بچی ایک کافی کے ڈبے سے کھیل رہی ہے جس میں مکڑی موجود ہے، بچی سے جب والد نے پوچھا کہ وہ کیا کررہی ہے تو اس نے پرجوش انداز میں جواب دیا کہ ’بگ، بگ‘ سے کھیل رہی ہوں۔
لیہمن کو پھر معلوم ہوا کہ کیڑا دراصل ایک بہت بڑی مکڑی ہے اور وہ اپنی بیٹی کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے گھبراتے ہوئے بھاگا۔
کمسن بچی کے والد نے کہا کہ میں کسی معمولی کیڑے کی توقع کررہا تھا لیکن جب مکڑی دیکھی تو میں نے اسے اپنی بیٹی سے دور کرنے کے لیے دوڑ لگادی۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں نے ڈبے کو ہٹایا تو وہ اس کے ساتھ ہی چلی گئی اور میں نے اپنی بچی کو گود میں اٹھا لیا۔
لیہمن نے مزید کہا ہم پرسکون اس وقت ہوئے جب مکڑی کو پکڑ لیا اور اسے چیک کیا اور پھر اسے سامنے کے صحن میں چھوڑ دیا۔